روایتی میڈیا سے ڈیجیٹل میڈیا تک کا سفر

لاہور:
صحافت اور ابلاغ کے شعبے میں تیزی سے رونما ہونے والی تبدیلیوں کے تناظر میں جالب عوامی میلہ 2026 کے موقع پر پاکستان فیڈرل یونین آف کالمِنسٹس اینڈ کریئیٹرز (PFUC) کے زیرِ اہتمام ایک خصوصی پینل ڈسکشن بعنوان “روایتی میڈیا سے ڈیجیٹل میڈیا کا سفر” منعقد ہوا۔ یہ فکری نشست الحمرا ہالز نمبر 2 لاہور میں منعقد کی گئی، جس میں صحافت، ڈیجیٹل میڈیا اور اظہارِ رائے کے بدلتے ہوئے رجحانات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

اس پینل ڈسکشن کی نظامت پی ایف یو سی پنجاب کے صدر رضوان اللہ خان نے کی۔ سیشن میں ملک کے ممتاز صحافیوں اور میڈیا ماہرین نے شرکت کی، جن میں ایم۔ عامر خاکوانی (سینئر صحافی و کالم نگار)، محمد عبداللہ (سینئر صحافی و ڈیجیٹل میڈیا ایکسپرٹ)، آر جے سومی بابو (ڈیجیٹل میڈیا ایکسپرٹ و سینئر رکن PFUC) اور ادیب یوسفزئی (نوجوان صحافی، اینکر اور نائب صدر PFUC) شامل تھے۔ جبکہ اس موقع پر مرکزی صدر PFUC فرید رزاقی مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے۔ نائب صدر اظہر تھراج، جنرل سیکرٹری وقار اسلم، صدر ویمن ونگ مہوش فضل، جوائنٹ سیکرٹری روزینہ فیصل، سابق مرکزی صدر رانا علی زوہیب، رضوان مرزا، ثنا اللہ شائق، مادھو لعل حسین، رائقہ بتول، عمر شاہ سمیت شرکاء کی کثیر تعداد میں شرکت۔

مقررین نے روایتی میڈیا کو درپیش موجودہ چیلنجز، ڈیجیٹل میڈیا کے بڑھتے ہوئے اثرات، صحافت میں سوشل میڈیا کے کردار، اخلاقی صحافت کی اہمیت اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر ذمہ دارانہ رپورٹنگ جیسے موضوعات پر جامع اظہارِ خیال کیا۔ پینلسٹس کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل میڈیا نے جہاں اظہارِ رائے کو وسعت دی ہے، وہیں صحافیوں اور کریئیٹرز پر ذمہ داری بھی عائد ہوتی ہے کہ وہ پیشہ ورانہ اقدار اور اخلاقی اصولوں کو مقدم رکھیں۔

مرکزی صدر PFUC فرید رزاقی نے اس مکالمے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان فیڈرل یونین آف کالمِنسٹس اینڈ کری ایٹرز کا وژن صحافت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا، آزادیِ اظہار کا تحفظ اور نوجوان صحافیوں و ڈیجیٹل کریئیٹرز کو مثبت سمت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مکالمے تجربے اور جدت کے امتزاج کو فروغ دیتے ہیں اور صحافت کے مستقبل کے تعین میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

پروگرام میں پی ایف یو سی کے عہدیداران، صحافیوں، طلبہ اور میڈیا سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سیشن کے اختتام پر مہمانِ خصوصی فرید رزاقی اور امر جالب (حبیب جالب فاؤنڈیشن) نے پینلسٹس کو ان کی خدمات کے اعتراف میں یادگاری شیلڈز پیش کیں۔

یہ پینل ڈسکشن جالب عوامی میلہ 2026 کی نمایاں فکری سرگرمیوں میں شامل رہی، جس نے روایتی اور ڈیجیٹل میڈیا کے درمیان مکالمے کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔