مرکزی کابینہ کی تقریب حلف برداری

پی ایف یو سی کی تاریخی حلف برداری وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ نے پی ایف یو سی کی نو منتخب کابینہ سے حلف لے لیا؛ ریڈیو پاکستان سے متصل دفتر تنظیم کے لیے مختص کرنے کا بڑا اعلان
لاہور (پریس ریلیز): پاکستان فیڈرل یونین آف کالمسٹ اینڈ کری ایٹرز (PFUC) کے نو منتخب مرکزی و صوبائی عہدیداران کی پروقار تقریبِ حلف برداری لاہور میں منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں صحافت کے معتبر ستونوں سہیل وڑائچ، عبدالمجید ساجد اور نجم ولی خان نے بطور مہمانِ اعزاز شرکت کر کے ایوان کی رونق کو دوبالا کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے نو منتخب کابینہ سے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ نے ڈیجیٹل دور کے جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پی ایف یو سی میں ‘کری ایٹرز’ کی شمولیت کو ایک انقلابی قدم قرار دیتے ہوئے سراہا۔ انہوں نے تنظیم کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل کا اعلان کرتے ہوئے ریڈیو پاکستان سے متصل دفتر پی ایف یو سی کے لیے مختص کرنے کا حکم جاری کیا۔ صدر پی ایف یو سی فرید رزاقی نے وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اس جگہ کو “سینٹر آف ڈیجیٹل ایکسیلنس” بنایا جائے گا جہاں تمام ڈیجیٹل کری ایٹرز کو پیشہ ورانہ تربیت اور سرٹیفیکیشن فراہم کی جائے گی۔
چیئرمین پی ایف یو سی فرخ شہباز وڑائچ نے اپنے خطاب میں پختہ عزم کا اظہار کیا کہ تنظیم اپنے باصلاحیت کری ایٹرز کے ذریعے پاکستان کی ڈیجیٹل حدود (Digital Boundaries) کی حفاظت کو یقینی بنائے گی۔ سینئر صحافی سہیل وڑائچ نے صحافتی اقدار اور درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ صحافت ارتقائی مراحل طے کر کے یہاں تک پہنچی ہے، ہمیں ہر حال میں اس کی اساسی اقدار کو مقدم رکھنا چاہیے۔ عبدالمجید ساجد نے تنظیم کی انتھک کاوشوں کی تعریف کی جبکہ نجم ولی خان نے زور دیا کہ صحافت ایک انتہائی ذمہ دارانہ پیشہ ہے جس میں خود احتسابی اور ‘چیک اینڈ بیلنس’ کی اہمیت ناگزیر ہے۔
حلف اٹھانے والی کابینہ میں فرید رزاقی (مرکزی صدر)، وقار اسلم (سیکرٹری جنرل)، سعدیہ خالد (سیکرٹری اطلاعات)، چوہدری محمد علی (سینئر نائب صدر)، نائب صدر اطہر تھراج، عمران احمد کاڈیہ (پروگرام کمیٹی)، عمر شاہ (پی آر کمیٹی)، مہوش فضل جٹ (ویمن ونگ)، ادیب یوسف زئی (نائب صدر)، حافظ ذوہیب طیب (نائب صدر) اور پنجاب کے صدر رضوان اللہ خان شامل تھے۔ تمام اراکین نے ملک و قوم اور تنظیم کی فلاح و بہبود کے لیے پوری لگن سے کام کرنے کا عہد کیا۔
بورڈ آف گورنرز کے اراکین عبدلماجد ملک، ساجد خان، ہیڈ آف پی آر عمر شاہ اور سیکرٹری جنرل وقار اسلم نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ تقریب میں نظامت کے فرائض ڈاکٹر شہباز عباسی اور سعدیہ خالد نے نہایت عمدہ اور جاندار انداز میں انجام دیے۔
سیکرٹری اطلاعات پی ایف یو سی
سعدیہ خالد