موجودہ عالمی صورتحال میں پاکستان کی مضبوط پوزیشن، سفارت کاری اور قیادت کا کردار

تحریر: عمر عبدالراحمن جنجوعہ

موجودہ عالمی حالات کے تناظر میں اگر پاکستان کی پوزیشن کا جائزہ لیا جائے تو یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ ملک سفارتی سطح پر ایک مضبوط اور متوازن مقام حاصل کر چکا ہے۔ یہ استحکام کسی اتفاق کا نتیجہ نہیں بلکہ موجودہ قیادت کی مربوط حکمتِ عملی، فعال سفارت کاری اور ریاستی اداروں کے باہمی تعاون کا ثمر ہے۔
پاکستان کی اس مضبوط پوزیشن کے پس منظر میں سب سے اہم کردار موجودہ قیادت کا ہے۔ بالخصوص فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں افواجِ پاکستان نے نہ صرف داخلی استحکام کو یقینی بنایا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں بھی اضافہ کیا۔ اسی طرح اسحاق ڈار کی بطور وزیر خارجہ مؤثر اور متحرک سفارت کاری نے پاکستان کو ایک بار پھر عالمی منظرنامے میں اہم کھلاڑی کے طور پر پیش کیا ہے۔
اگر خطے کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر جیسے اہم ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات نہایت مستحکم ہیں۔ یہ ممالک خطے میں جاری کشیدگی، خصوصاً ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی تناؤ سے متاثر ضرور ہیں، مگر اس کے باوجود پاکستان ایک متوازن اور قابلِ اعتماد ثالث کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے۔
بین الاقوامی تھنک ٹینکس جیسے Carnegie Endowment for International Peace، Brookings Institution اور Chatham House بھی اس بات کی نشاندہی کر رہے ہیں کہ پاکستان نے حالیہ برسوں میں اپنی سفارتی حکمتِ عملی کو بہتر بنایا ہے اور ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر اپنا مثبت تشخص قائم کیا ہے۔
ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ پہلی بار ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ عالمی طاقتیں، خاص طور پر امریکہ، جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے معاملات میں پاکستان کے کردار کو سنجیدگی سے دیکھ رہی ہیں۔ بعض سفارتی حلقوں کے مطابق اہم علاقائی معاملات میں پاکستان کو مشاورتی حیثیت حاصل ہو رہی ہے، جو کہ اس کی 77 سالہ تاریخ میں ایک نمایاں پیشرفت ہے۔
ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی میں بھی پاکستان نے ہمیشہ امن اور مذاکرات کا راستہ اختیار کرنے پر زور دیا ہے۔ پاکستان کی کوشش ہے کہ خطے میں جنگ کی فضا کو کم کیا جائے اور بات چیت کے ذریعے مسائل حل کیے جائیں۔ یہی پالیسی پاکستان کو ایک ذمہ دار اور امن پسند ریاست کے طور پر پیش کرتی ہے۔
جہاں تک متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات میں مبینہ تناؤ کی بات ہے، تو حقیقت اس کے برعکس ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق یہ محض افواہیں ہیں جنہیں سوشل میڈیا پر بڑھا چڑھا کر پیش کیا جا رہا ہے، جبکہ زمینی حقیقت میں دونوں ممالک کے تعلقات بدستور مضبوط اور مستحکم ہیں۔
نتیجتاً، یہ کہا جا سکتا ہے کہ پاکستان اس وقت نہ صرف خطے میں بلکہ عالمی سطح پر بھی ایک مضبوط اور مثبت پوزیشن میں کھڑا ہے۔ اس کامیابی کا سہرا مؤثر قیادت، بہترین سفارت کاری اور ریاستی اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو جاتا ہے۔ اگر یہی پالیسی تسلسل کے ساتھ جاری رہی تو پاکستان مستقبل میں مزید مضبوط عالمی کردار ادا کر سکتا ہے۔

0 replies

Leave a Reply

Want to join the discussion?
Feel free to contribute!

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *